سیول،9/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بحرالکاہل کے جزیرے گوام کے گورنر نے شمالی کوریا کی دھمکی کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جزیرہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ایڈی کالوو نے یہ بیان منگل کو رات گئے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں دیا۔ ان کے بقول جزیرے اور اس پر مقیم افراد کی حفاظت کے لیے انتظامیہ واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے امریکی زیر انتظام جزیرے گوام پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس جزیرے پر امریکا کی دو اہم عسکری تنصیبات، اینڈرسن ایئر فورس بیس اور نیول بیس گوام، واقع ہیں۔ علاوہ ازیں امریکا کے قریب چھ ہزار فوجی بھی اس جزیرے پر موجود ہیں۔ گوام جنوبی چینی سمندر اور جزیرہ نما کوریا کے درمیان واقع ہے۔